جاپان کے ناریتا ہوائی اڈے پر غیرملکی مسافروں کی ریکارڈ بلند تعداد

مارچ میں ختم ہونے والے مالی سال 2023 میں جاپان کے ناریتا ہوائی اڈے کو استعمال کرنے والے غیر ملکی مسافروں کی تعداد ریکارڈ بلند سطح پر پہنچ گئی۔

ناریتا انٹرنیشنل ایئر پورٹ کارپوریشن کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں تقریباً دو کروڑ 74 لاکھ چالیس ہزار افراد نے ٹوکیو کے اِس قریبی ہوائی اڈے سے بین الاقوامی پروازوں میں سفر کیا۔

یہ تعداد کورونا وبائی مرض سے پہلے کے مالی سال 2019 کی سطح کا تقریباً 80 فیصد جبکہ مالی سال 2022 کے مقابلے میں دوگنا سے زیادہ ہے۔

غیر ملکیوں کی تعداد مجموعی طور پر ایک کروڑ 78 لاکھ 90 ہزار رہی، جو ایک ریکارڈ ہے۔

اس اضافے کی وجہ عالمی وبائی مرض کے بعد ملک میں داخلے کی پابندیوں میں نرمی اور ین کے کمزور ہونے کو قرار دیا گیا ہے۔

مذکورہ دورانیے میں، بین الاقوامی پروازوں پر جاپانی مسافروں کی مجموعی تعداد تقریباً 67 لاکھ 80 ہزار رہی، جو مالی سال 2019 کی تعداد کا تقریباً نصف ہے۔

کارپوریشن کے صدر ’’تامُورا آکی ہِیکو‘‘ کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں پروازوں کی طلب میں مکمل بحالی دیکھنے میں آئی۔ اُن کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال میں مزید بہتری کی توقع ہے، لیکن کمپنی کو گراؤنڈ ہینڈلنگ اور دیگر ملازمتوں کے لیے اہلکاروں کی کمی کے چیلنج کا سامنا ہے۔