جاپان کے شہنشاہ کی تخت نشینی کو 5 سال مکمل

جاپان کے شہنشاہ نارُوہیتو کو تخت سنبھالے بدھ کے روز پانچ سال مکمل ہو گئے ہیں۔

اس عرصے کے دوران، شہنشاہ نے ریاست کی علامت کے طور پر اپنے کردار کا گہرائی سے مطالعہ کیا ہے۔ انہوں نے آن لائن پلیٹ فارمز استعمال کرنے سمیت کورونا وائرس جیسے وبائی امراض کے دوران عوام کے ساتھ رابطہ رکھنے کے نئے طریقوں پر تحقیق کی ہے۔

تخت نشینی کے بعد اپنی پہلی نیوز کانفرنس کے دوران شہنشاہ نے کہا کہ وہ لوگوں سے ملنے اور ان کے حالات کے بارے میں جاننے کے ہمیشہ متمنی رہیں گے۔

وہ اپنے اس عزم پر قائم رہے ہیں اور انہوں نے سالانہ تقریبات میں شرکت کے لیے ملکہ ماساکو کے ساتھ جاپان بھر کے مختلف مقامات کا سفر کیا ہے۔ اپنے پیشرو شہنشاہوں کی تقلید کرتے ہوئے شاہی جوڑے نے قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے تاکہ آفات سے متاثرہ افراد کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔

رواں سال مارچ اور اپریل میں انہوں نے وسطی جاپان کے اشیکاوا پریفیکچر کے جزیرہ نما نوتو میں ان رہائشی علاقوں کا دورہ کیا جو نئے سال کے پہلے دن آنے والے زلزلے سے متاثر ہوئے تھے۔ کووڈ 19 پابندیوں کے خاتمے کے بعد اس طرح کے یہ ان کے اولین دورے تھے۔

جاپان کے شہنشاہ اور ملکہ نے بین الاقوامی تبادلوں کو فروغ دینے کی بھی کوشش کی ہے۔ انہوں نے ستمبر 2022 میں ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے برطانیہ کا دورہ کیا۔ تخت نشینی کے بعد یہ ان کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا۔