یوکرین میں روسی فوجیوں کی جارحیت جاری

روسی فوج یوکرین کے مشرقی اور جنوبی حصوں سمیت شہری علاقوں میں جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے۔

خارکِیف کے مشرقی علاقے کے گورنر نے کہا ہے کہ منگل کو خارکِیف شہر میں ہونے والے حملوں میں ایک شخص ہلاک اور نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

یوکرین کے پراسیکیوٹر جنرل اینڈری کوسٹن نے منگل کے روز کہا ہے کہ کلسٹر وار ہیڈ سے لیس اسکندر بیلسٹک میزائل سے اودیسہ کے جنوبی علاقے پر ایک دن پہلے حملہ کیا گیا جس میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

روسی افواج یوکرین کے مزید علاقوں کو قبضے میں لینے کے لیے بھی کوششیں تیز کر رہی ہیں۔

ان کی فورسز نے دونیتسک کے مشرقی علاقے، مغربی باخموت میں یوکرین کے مضبوط گڑھ چاسیو یار قصبے پر چڑھائی کی ہے۔

نیویارک ٹائمز نے پیر کو یوکرینی حکام کے حوالے سے بتایا کہ اس حملے میں 25 ہزار روسی فوجی حصہ لے رہے ہیں۔