جاپانی وزیر اعظم فرانس، برازیل، پیراگوئے کے 6 روزہ دورے پر روانہ

جاپان کے وزیر اعظم کشیدا فومیو فرانس، برازیل اور پیراگوئے کے چھ روزہ دورے کا بدھ سے آغاز کر رہے ہیں۔

جناب کشیدا فرانس میں اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم کی وزارتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ جاپان ان مذاکرات کی صدارت کرے گا۔

جاپانی وزیر اعظم اجلاس کے شرکا سے خطاب کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ اس موقع پر سرمایہ داری کی ایک نئی شکل کے نام سے موسوم جاپان کی کوششوں کو فروغ دینے کی وضاحت کریں گے۔ وزیر اعظم کشیدا آزادانہ اور منصفانہ معاشی نظام کو برقرار رکھنے اور اسے مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیں گے۔

جناب کشیدا جنریٹیو اے آئی کے استعمال کو فروغ دینے اور مسائل کو حل کرنے کی غرض سے قواعد بنانے پر تبادلہ خیال کے لیے بین الاقوامی فریم ورک کے قیام کا اعلان کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

توقع کی جا رہی ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں سمیت دیگر عالمی مسائل سے نمٹنے کے لیے ٹوکیو کی آمادگی بھی ظاہر کریں گے۔