ایوانِ زیریں تحلیل کرنے کا 'کوئی ارادہ نہیں': جاپانی وزیرِ اعظم

جاپان کے وزیرِ اعظم کِشیدا فُومیو نے کہا ہے کہ اختتامِ ہفتہ پر تین ضمنی انتخابات میں تمام نشستوں پر حزبِ اختلاف کی کونسٹیٹیوشنل ڈیموکریٹک پارٹی کی جیت کے بعد اُن کا قبل از وقت انتخابات کروانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

مرکزی حکمراں جماعت، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی نے مذکورہ میں سے دو حلقوں میں امیدوار کھڑا نہیں کیا تھا، لیکن شِمانے پریفیکچر میں ایک نشست پر ہار گئی۔

کِشیدا نے منگل کے روز کہا کہ رقم کے گھمبیر اسکینڈل کے اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا، "ایل ڈی پی کا سیاسی فنڈ اکھٹا کرنے کا معاملہ شِمانے کی انتخابی مہم کے دوران ایک اہم عنصر ثابت ہوا۔ مجھے شکست پر بہت پشیمانی ہے، دونوں امیدواروں اور اُن تمام مقامی لوگوں کے لیے جنہوں نے اپنی حمایت اُنہیں دی"۔

وزیرِ اعظم نے ایل ڈی پی کے صدر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کا عزم کیا۔ کِشیدا نے کہا کہ وہ سیاسی اور جماعت کی اصلاحات کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نبٹنے کے ذریعے عوامی اعتماد کو بحال کرنے کے لیے کام کریں گے۔