زلزلہ زدہ علاقے میں سمندری نظارے کا ڈیک دوبارہ کھل گیا

نئے سال کے پہلے دن وسطی جاپان میں آنے والے شدید زلزلے کے تقریباً چار ماہ بعد، اِشیکاوا پریفیکچر کے سُوزُو شہر میں ایک آبزرویشن ڈیک دوبارہ کھل گیا ہے۔

جزیرہ نما کے سرے پر واقع یہ ڈیک، ہفتے کے روز جاپان میں موسم بہار کی چھٹیوں کے آغاز کے موقع پر دوبارہ کھولا گیا۔ یہ بحیرہ جاپان کے نظارے کے لیے مشہور سیاحتی مقام ہے، لیکن اسے سانحے کے بعد بند کر دیا گیا تھا۔

ڈیک کی منتظم کمپنی کو امید ہے کہ تعمیر نو کے کاموں میں مدد کے لیے شہر آنے والے رضاکار اور دیگر لوگ اس کے ذریعے علاقے کی قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ زلزلے سے ڈیک کو بہت کم نقصان پہنچا، لیکن زلزلے سے سمندر کی تہہ اوپر اٹھ جانے کے بعد سمندر سے نکلی ہوئی کچھ چٹانیں اب 1.5 میٹر اونچی ہو گئی ہیں۔

اتوار کے روز، بہت سے افراد خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہوئے.