امریکہ کا یوکرین کے لیے 6 ارب ڈالر تک کی امداد کا اعلان

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کا کہنا ہے کہ واشنگٹن یوکرین کو 6 ارب ڈالر تک کی اضافی فوجی امداد فراہم کرے گا، جسے انہوں نے اب تک کی سب سے بڑی امداد قرار دیا ہے۔

آسٹن نے یوکرین پر روس کے جاری حملے کے تناظر میں کیف سے فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ممالک کے ایک آن لائن اجلاس میں شرکت کے بعد جمعہ کے روز یہ اعلان کیا۔

وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس پیکج میں پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کے لیے گولہ بارود اور آرٹلری گولہ بارود شامل ہے جس کی اگلے محاذوں پر قلت ہے۔

یہ اقدام امریکی صدر جو بائیڈن کے بدھ کے روز ایک ہنگامی بجٹ مسودے پر دستخط کرنے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کانگریس میں مہینوں کے اختلاف کے بعد یوکرین کے لیے امداد بھی شامل ہے۔

بدھ کو تقریباً ایک ارب ڈالر کے بعد اس ہفتے یہ دوسرا موقع ہے جب بائیڈن انتظامیہ نے یوکرین کے لیے فوجی امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔