کشیدا یکم مئی سے فرانس، برازیل اور پیراگوئے کا دورہ کریں گے

جاپان کے وزیراعظم کشیدا فُومیو یکم مئی سے فرانس، برازیل اور پیراگوئے کے چھ روزہ دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔

چیف کابینہ سیکریٹری ہایاشی یوشی ماسا نے جمعہ کو وزیراعظم کے دورے کا اعلان کیا۔

فرانس میں وزیراعظم کشیدا اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم، او ای سی ڈی، کی وزارتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ جاپان کے زیر صدارت اس اجلاس میں بین الاقوامی اقتصادی اور سماجی چیلنجوں سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کیا جانا متوقع ہے۔ کشیدا دوطرفہ تعلقات اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کے لیے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ سربراہ ملاقات بھی کریں گے۔

فرانس کے بعد وہ برازیل کا دورہ کریں گے۔ رواں سال گروپ آف ٹوئنٹی یا G20 کی صدارت برازیل کے پاس ہے۔

وہ G20 رہنماؤں کے اجلاس کی کامیابی کی خاطر تعاون کے حصول کے لیے وہاں دوطرفہ سربراہی اجلاس منعقد کریں گے۔ کشیدا لاطینی امریکہ اور کیریبیئن یعنی جزائر غرب الہند کے حوالے سے جاپان کی خارجہ پالیسی پر خطاب بھی کریں گے۔ کسی جاپانی وزیراعظم کا اس حوالے سے 10 سال میں یہ پہلا خطاب ہو گا۔

پیراگوئے میں بھی اپنے ہم منصب کے ساتھ جناب کشیدا کی ملاقات طے ہے، جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔