بینک آف جاپان موجودہ زر پالیسی پر قائم

بینک آف جاپان، BOJ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی زر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کرے گا۔ یہ اعلان جمعہ کو BOJ کے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر کیا گیا۔

مرکزی بینک نے مارچ میں اختیار کردہ پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں بینک نے طویل عرصے سے جاری منفی شرح سود کی پالیسی کو ختم کیا تھا، اور قلیل مدتی شرحوں کو صفر سے 0.1 فیصد کی حدود میں بڑھا دیا تھا۔ بینک کا کہنا ہے کہ وہ ہدف برقرار رکھے گا۔

پالیسی ساز، جاپانی سرکاری بانڈز کی خریداری بھی تقریباً پہلے جیسی سطح پر جاری رکھیں گے۔

دریں اثنا، بینک نے اپریل میں شروع ہوئے مالی سال 2024 کے لیے اپنے افراط زر کے تخمینے میں اضافہ کیا ہے۔

نئے اندازے کے مطابق قیمتوں میں 2.8 فیصد اضافہ ہو گا جبکہ جنوری کے تخمینے میں 2.4 فیصد کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

یہ پیشگوئی اشیائے صرف کی قیمتوں کے اوسط اشاریے کے لیے ہے اور اس میں تازہ خوراک شامل نہیں۔

BOJ نے اگلے مالی سال کے لیے اپنی پیشین گوئی کو بھی بڑھاتے ہوئے پچھلے 1.8 فیصد کے مقابلے 1.9 فیصد کر دیا ہے۔ جبکہ بینک کو توقع ہے کہ مالی سال 2026 میں قیمتوں میں 1.9 فیصد اضافہ ہوگا۔