ہونڈا کا کینیڈا میں نئے EV بیٹری پلانٹس لگانے کا اعلان

ہونڈا موٹر نے شمالی امریکہ میں EVs یعنی برقی گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی مانگ پوری کرنے کے لیے کینیڈا میں برقی گاڑیاں اور بیٹری پلانٹس بنانے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ یہ جاپانی کار ساز کمپنی ان منصوبوں کے لیے اونٹاریو صوبے کے ایلِسٹن میں تقریباً 11 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

ہونڈا کے صدر می بے توشی ہیرو اور کینیڈا کے وزیراعظم جسٹِن ٹرُوڈو نے جمعرات کو مذکورہ مقام پر صحافیوں سے ملاقات کی۔

می بے نے کہا کہ نئے پلانٹس سے کمپنی کے ای وی پروڈکشن سسٹم کو تقویت ملے گی۔ اس پراجیکٹ میں موجودہ پلانٹس کے آس پاس کے علاقوں میں EV اور بیٹری کے کارخانے لگانے کے منصوبے شامل ہیں۔

توقع ہے کہ ہونڈا موٹر ایلِسٹن میں سالانہ 240,000 گاڑیاں تیار کرے گی۔ پیداوار کا آغاز 2028 میں ہو گا۔

ہونڈا کو یقین ہے کہ بیٹری کی مقامی پیداوار، لاگت کی موجودہ سطح میں تقریباً 20 فیصد تک کمی لا سکتی ہے۔

ہونڈا کا ہدف ہے کہ 2040 تک اپنی تمام نئی گاڑیوں کی فروخت ای وی اور فیول سیل ماڈلز پر محیط کر دی جائے۔