رفح میں زمینی حملے کی تیاری مکمل، اسرائیلی میڈیا

اسرائیلی میڈیا کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملکی افواج نے غزہ کے جنوبی شہر رفح میں زمینی کارروائی کی تیاری مکمل کر لی ہے۔

اس شہر میں تقریباً 12 لاکھ لوگ پناہ لیے ہوئے ہیں۔ اسرائیل دوسرے ممالک کے خدشات کے باوجود حماس کو مکمل طور پر تباہ کرنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر برّی حملہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے بڑے ادارے Haaretz نے جمعرات کو اطلاع دی کہ اسرائیلی فوج نے حکومت کو اپنی تیاری مکمل ہونے کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔ قبل ازاں جو اسرائیلی فوج غزہ کے شمالی اور وسطی حصوں میں تعینات تھی اسکے بارے میں کہا جاتا ہے کہ جنوب کی طرف منتقل کر دی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کی تاریخ کا فیصلہ حکومت کرے گی۔

اسرائیلی فوج نے جمعرات کو بھی غزہ کی پٹی پر فضائی حملے جاری رکھے۔ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ اس محصور علاقے میں اب تک 34,305 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔