ایران نے اسرائیل کے خلاف استعمال کردہ اسلحہ کی اقسام ظاہر کر دیں

ایران نے NHK کے عملے کو اسلحہ کی وہ اقسام دکھائی ہیں جو، بقول اسکے قبل ازاں رواں ماہ، اسرائیل پر کیے گئے میزائل اور ڈرون کے وسیع تر حملے میں استعمال کی گئی تھیں۔

پاسداران انقلاب اسلامی کور نے این ایچ کے کو جمعرات کے روز تہران کے مضافاتی علاقے میں ایک ایسے مرکز تک رسائی دی جہاں مقامی طور پر تیار کردہ میزائل اور ڈرونز کی نمائش کی گئی تھی۔

اس مرکز کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل علی بلالی نے کہا کہ حملے میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں میں عماد بیلسٹک میزائل، پاوہ کروز میزائل اور شاہد 136 خودکش ڈرون شامل تھے۔

عماد بیلسٹک میزائل کی حدِ مار 1,700 کلومیٹر ہے، جبکہ باور کیا جاتا ہے کہ شاہد 136 دو ہزار کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کر سکتا ہے۔

تہران نے شام میں ایرانی سفارت خانے کے احاطے پر اسرائیل کے مہلک حملے کے جواب میں 13 اور 14 اپریل کو مذکورہ میزائل اور ڈرون حملہ کیا تھا۔ اسکے بعد 19 اپریل کو ایک مبینہ اسرائیلی جوابی حملے کے نتیجے میں وسطی ایران میں دھماکے ہوئے تھے۔