ڈالر کے مقابلے میں ین کی قدر 155 کی سطح سے بھی کم

ڈالر کے مقابلے میں جاپانی کرنسی کی قدر میں کمی مسلسل جاری ہے۔ جمعرات کے روز ٹوکیو کی غیر ملکی زر مبادلہ منڈی میں ین کی قدر 155 ین فی ڈالر کی اوپری سطح تک پہنچ گئی۔ سرمایہ کار دونوں کرنسیوں پر قریبی نگاہ رکھے ہوئے ہیں کیونکہ بینک آف جاپان یعنی بی او جے کا دو روزہ پالیسی اجلاس جمعے تک جاری رہے گا۔

جاپانی کرنسی کی قدر 1990 کے بعد سے 155 تک نہیں پہنچی تھی۔ تاجر ین فروخت کر رہے ہیں اور مضبوط امریکی معیشت کے سبب ڈالر میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ یہ بات بھی ان کے مدنظر ہے کہ امریکی فیڈرل ریزرو شرح سود میں کمی کو مؤخر کر دے گا۔

سرمایہ کار یہ قیاس آرائی بھی کر رہے ہیں کہ بی او جے مستقبل قریب میں شرح سود میں اضافہ نہیں کرے گا۔

منڈی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ امریکہ اور جاپان کے درمیان شرح سود کا فرق ممکنہ طور پر برقرار رہے گا جس کے باعث زیادہ منافع کے لیے ڈالر میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

جمعرات کو ایوان بالا کی کمیٹی کے اجلاس میں جاپانی وزیر خزانہ سوزُوکی شُن اِچی سے ین کی گرتی ہوئی قدر کے بارے میں سوال کیا گیا۔ جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت، منڈی پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے اور مشاہدات کی بنیاد پر مناسب اقدامات کرنے کے حکومتی عزم میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس مرحلے پر مذکورہ معاملے پر مزید تبصرہ نہیں کر سکتے۔