فوکوشیما دائی اِچی جوہری بجلی گھر جزوی طور پر بجلی سے محروم

بدھ کی صبح فوکوشیما دائی اچی جوہری بجلی گھر میں بجلی کی جزوی بندش نے صفائی کے عمل سے گزارے اور کثافت کم کردہ پانی سمندر میں چھوڑنے کے عمل کو روک دیا۔

پلانٹ کی منتظم، ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی یا ٹیپکو کا کہنا ہے کہ جوہری ملبے کو ٹھنڈا کرنے کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔

ٹیپکو کا کہنا ہے کہ پلانٹ کو بجلی فراہم کرنے والا ایک سسٹم صبح لگ بھگ 10 بجکر 43 پر بند ہوگیا۔

کمپنی نے کہا کہ بجلی جانے کی وجہ سے سمندر میں صفائی کے عمل سے گزارے اور کثافت کم کردہ پانی کا اخراج خود بخود رک گیا۔ پانی چھوڑنے کا پانچواں مرحلہ جمعہ کو شروع ہوا تھا۔

ٹیپکو کا کہنا ہے کہ دیگر لائنوں سے بجلی حاصل کرکے پلانٹ کے اہم حصوں کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ان میں تباہ شدہ ری ایکٹروں میں صرف شدہ جوہری ایندھن اور ملبے کو ٹھنڈا رکھنا شامل ہیں۔ منتظم کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ تنصیب کے ارد گرد تابکاری کی سطح میں کسی غیر معمولی اتار چڑھاؤ کا مشاہدہ نہیں کیا گیا ہے۔