ایل ڈی پی کے نائب صدر کی سابق امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات

جاپان کی بڑی حکمران جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدر آسو تارو نے نیویارک میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی ہے۔

یہ ملاقات منگل کے روز مین ہیٹن کے مرکزی علاقے میں ٹرمپ ٹاور میں ہوئی۔ سابق صدر نے جناب آسو کا داخلی دروازے پر استقبال کیا اور دونوں نے ہاتھ ملاتے ہوئے مسکراہٹوں کا تبادلہ کیا۔

خیال کیا جاتا ہے کہ انہوں نے جاپان امریکہ تعلقات اور مختلف بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ بات چیت تقریبا ایک گھنٹے تک جاری رہی۔

رواں سال کے آخر میں ہونے والے انتخابات میں ٹرمپ ریپبلکن پارٹی کے متوقع صدارتی امیدوار ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ آسو بظاہر اس امکان پر غور کر رہے ہیں کہ سابق صدر امریکی حکومت کی باگ ڈور دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔

جاپانی وزیر خارجہ کامیکاوا یوکو نے منگل کے روز بتایا کہ جناب آسو انفرادی طور پر ایک قانون ساز کی حیثیت سے گئے ہیں اور اس عمل میں حکومت شامل نہیں ہے۔