شمالی کوریا کا کروز میزائل وار ہیڈ اور طیارہ شکن میزائل کے تجربے کا دعویٰ

شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ اس نے جمعہ کو جزیرہ نما کوریا کے مغرب میں بحیرہ زرد میں ایک اسٹرٹیجک کروز میزائل اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایک نئے میزائل کا تجربہ کیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے کورین سنٹرل نیوز ایجنسی نے ہفتے کے روز اطلاع دی کہ ملک کی میزائل انتظامیہ نے "ہواسال" اسٹرٹیجک کروز میزائل کے لیے "انتہائی بڑے وار ہیڈ" کا "پاور ٹیسٹ" کیا ہے۔

ایجنسی نے بظاہر رن وے پر موجود موبائل لانچر سے فائر کیے جانے والے ایک نئے طیارہ شکن میزائل کی تصویر بھی جاری کی ہے۔

ایجنسی نے کہا کہ یہ ٹیسٹ ٹیکنالوجیز تیار کرنے کے لیے کیے گئے تھے، جس میں نئے قسم کے ہتھیاروں کے نظام کی کارکردگی اور آپریشن شامل ہیں۔ اس نے کہا کہ ایک "مخصوص ہدف" حاصل کر لیا گیا ہے۔

جنوری اور فروری میں، شمالی کوریا نے بار بار کروز میزائل فائر کیے جو ٹیکٹیکل نیوکلیئر وار ہیڈ لے جانے کے لیے بنائے گئے ہیں اور لمبے دورانیے تک کم اونچائی پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

پیانگ یانگ نے اپنے موجودہ 5 سالہ دفاعی منصوبے میں کہا ہے کہ وہ کروز میزائل تیار کرے گا۔ یہ سال اس منصوبے کا چوتھا سال ہے۔