کوئیکے کا تیسری بار ٹوکیو کی گورنر بننے کا امکان

اتوار کے روز ہونے والی رائے دہی کے بعد ٹوکیو کی گورنر کوئیکے یُوریکو کا تیسری بار جیتنے کا امکان ہے۔

دارالحکومت بھر میں رائے دہی مقامات ابھی ابھی بند ہوئے ہیں۔ NHK کا اندازہ، ووٹ ڈال کر نکلنے والے افراد سے حاصل کردہ اور انتخاب سے پہلے جمع کی گئی معلومات پر مبنی ہے۔

ایگزٹ پولز میں محترمہ کوئیکے، دیگر امیدواروں پر برتری حاصل کرتی نظر آرہی ہیں، جن میں مغربی جاپان کے ہیروشیما پریفیکچر کے آکی تاکاتا شہر کے سابق میئر اِشی مارُو شِنجی اور ایوان بالا کی سابق قانون ساز رینہو شامل ہیں۔

سابق وزیر دفاع، 71 سالہ کوئیکے جاپانی پارلیمان کے ایوانِ بالا اور زیریں دونوں میں خدمات انجام دے چکی ہیں۔ وہ 2016ء میں ٹوکیو کی پہلی خاتون گورنر بنیں۔

انتخابی مہم کے دوران، کوئیکے نے گورنر کے منصب پر اپنی دو مدتوں کے دوران حاصل کردہ کامیابیوں پر زور دیا۔ انہوں نے گرتی ہوئی شرحِ پیدائش سے نمٹنے کے لیے یہ کہتے ہوئے مزید تعاون کا وعدہ بھی کیا کہ میٹروپولیٹن حکومت بچوں کی بلامعاوضہ دیکھ بھال کا دائرہ کار بڑھا دے گی۔

کوئیکے نے گورنر کے لیے ہونے والی انتخابی دوڑ میں ریکارڈ 55 حریفوں کا مقابلہ کیا۔