شارپ، ٹیلیویژن کیلئے بڑے ایل سی ڈی پینلز کی پیداوار بند کر دیگی

برقی آلات بنانے والی جاپانی کمپنی شارپ کا کہنا ہے کہ وہ ٹیلیویژن کے لیے اپنے تمام بڑے مائع کرسٹل ڈسپلیز کی تیاری بند کر دے گی۔

یہ ڈسپلے اوساکا پریفیکچر کے ایک کارخانے میں بنائے جاتے ہیں جسے ایک ذیلی کمپنی ساکائی ڈسپلے پروڈکٹس چلاتی ہے۔ ستمبر تک یہ لائنیں بند ہو جانے کے بعد شارپ کے پاس جاپان میں اِن مصنوعات کا پیداواری مرکز باقی نہیں رہے گا۔

اس اقدام کا مقصد کمپنی کو منافع بخش بنانا ہے۔ شارپ جدوجہد کرتے اپنے ایل سی ڈی پینل کاروبار کی تنظیمِ نو کرنا چاہتی ہے۔

شارپ نے مارچ میں ختم ہونے والے مالی سال کے لیے 149 ارب 90 کروڑ ین، یا تقریباً 96 کروڑ ڈالر کے خالص خسارے کی اطلاع دی، کیونکہ اُس کی چھوٹے اور درمیانے سائز کے ایل سی ڈی پینلز سے ہونے والی آمدنی میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اس کمپنی نے مسلسل دوسرے سال خالص خسارہ درج کروایا ہے۔

شارپ نے مالی سال 2024ء کے لیے 5 ارب ین، یا 3 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے خالص منافعے کی پیشگوئی کی ہے۔