شمالی کوریا نے بظاہر بیلسٹک میزائل داغا ہے: جاپان

جاپان کی وزارت دفاع نے پیر کی سہ پہر اعلان کیا ہے کہ شمالی کوریا نے کم از کم ایک، بظاہر بیلسٹک میزائل داغا ہے۔ جاپانی حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ میزائل بحیرہ جاپان میں ملک کے خصوصی اقتصادی زون سے باہر گرا ہے۔

جاپان کی وزارت دفاع نے یہ اعلان پیر کی سہ پہر تین بج کر تین منٹ پر کیا۔ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے بھی سہ پہر تین بج کر چار منٹ پر کہا کہ شمالی کوریا نے بحیرہ جاپان کی جانب بیلسٹک میزائل داغا ہے۔

اس سال یہ چوتھا موقع ہے جب شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل داغا ہے یا جو داغا گیا ہے وہ بیلسٹک میزائل ہو سکتا ہے۔

معلومات اکٹھی کرنے اور کسی نقصان کی تصدیق کیلیے، جاپانی حکومت نے وزیراعظم آفس کے ہنگامی مرکز میں قائم ٹاسک فورس کے حکام کی ہنگامی ٹیم کو طلب کر لیا ہے۔