اسکول میں داخلے سے متعلق سوال و جواب

توکائی علاقے میں صورتحال

1- آئیچی پریفیکچر

حکومت کے ایک سروے میں جاپان میں مقیم 8 ہزار سے زائد غیرملکی بچّوں کو اسکولوں میں داخل نہ کروائے جانے کا امکان ظاہر ہوا ہے۔ نشاندہی کی گئی ہے کہ اس صورتحال سے جاپانی زبان سیکھنے میں کوئی پیشرفت نہ ہونے اور روزگار تلاش کرنے میں مشکل پیش آنے جیسے سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ درحقیقت، اسکول جانے کے خواہشمند غیرملکی طلباء بھی جاپانی بچوں کی طرح سرکاری اسکولوں میں مفت تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔ تاہم جاپان میں رہائش پذیر غیرملکیوں کی اکثریت اس حقیقت سے بھی واقف نہیں ہے۔

این ایچ کے، اسکولوں سے بچوں کی عدم حاضری صفر پر لانے کی کوشش کی غرض سے اس موضوع پر معلومات مہیا کر رہا ہے۔ ہمارے اس تازہ ترین سلسلے میں توکائی علاقے کے چار پریفیکچروں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کی تصدیق نہ ہونے والے غیرملکی طلباء کی 12 فیصد کے قریب تعداد انہی پریفیکچروں میں رہائش پذیر ہے۔ آج ہم آئیچی پریفیکچر پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

▼ مئی 2022 تک اس پریفیکچر میں رہنے والے 632 بچوں کا اسکولوں میں مناسب تعلیم حاصل نہ کرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ چِریُو شہر میں ایسے بچوں کی تعداد سب سے زیادہ 108 تھی۔ دوسرے نمبر پر تویوکاوا میں 78 اور ناگویا میں ایسے 64 بچے مقیم تھے۔
▼ آئیچی کے تعلیمی بورڈ کا کہنا ہے، ’’ہم بلدیاتی حکومتوں کے ساتھ ہم آہنگی اور ابتدائی اسکول سے قبل جاپانی زبان کی تعلیم دینے والے نرسری اسکول قائم کرتے ہوئے ایسا ماحول تخلیق کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں، جس میں جاپان میں تعلیم کا حصول آسان تر بنایا جائے‘‘۔
▼ چِریُو میں آٹو صنعت سے منسلک کئی کارخانے موجود ہونے کے باعث بہت سے غیرملکی اس شہر میں کام کرتے ہیں۔ شہر کے تمام 10 سرکاری پرائمری اور ثانوی اسکولوں میں غیرملکی طلباء تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ چِریُو ہِگاشی پرائمری اسکول میں کھولی گئی ایک خصوصی کلاس میں، حال ہی میں جاپان آنے والے پرائمری یا ثانوی اسکول کی عمر کے طلباء کو اسکول شروع ہونے سے قبل تین ماہ کے لیے ریاضی کا مضمون اور جاپانی زبان لکھنا پڑھنا سکھانے کے ساتھ ساتھ جاپانی اسکولوں کے ضوابط اور رسوم و رواج سے روشناس کروایا جاتا ہے۔ یہ شہر غیرملکی رہائشیوں کو درج ذیل ٹیلیفون نمبر پر مشاورتی خدمات بھی فراہم کرتا ہے۔
050-3092-3155

▼ تویوکاوا شہر نے ایک مشاورتی مرکز قائم کیا ہے، جو تعلیم سے متعلق معاملات سمیت مشاورت فراہم کرتا ہے۔ ہفتہ وار دن کے اعتبار سے یہ سہولت مختلف زبانوں میں دستیاب ہے۔ تفصیلات کے لیے ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے۔ سوال پوچھنے کے لیے شہر کے انٹرنیشنل اینڈ سوک ایکٹویٹی ڈویژن سے درج ذیل فون نمبر پر رابطہ کیجیے۔
0533-89-2165

مقامی حکومت کوگی تُسونے کیوشِتسُو (اسمال فاکس کلاس) میں جاپانی زبان کی بلامعاوضہ تعلیم بھی فراہم کرتی ہے، جس میں اسکول جانے کے لیے درکار بنیادی جاپانی سکھائی جاتی ہے۔ ان کلاسز کے بارے میں مزید تفصیلات معلوم کرنے کے لیے ڈویژن سے درج ذیل فون نمبر پر رابطہ کیجیے۔
0533-89-2158

▼ ناگویا تعلمی بورڈ بچوں کو اسکول داخل کروانے کے خواہمشند غیر ملکیوں کو مقامی انتظامیہ کے “شعبۂ شہری” سے رابطہ کر کے تبادلۂ خیال کرنے کی ہدایت کرتا ہے۔ اس بورڈ کے مطابق، سرپرستوں کے جاپان میں غیرقانونی طور پر مقیم ہونے کی صورت میں بھی بچوں کو مناسب تعلیم کی فراہمی اُس کی اولین ترجیح ہے۔ یہ بورڈ زور دے رہا ہے کہ جاپان میں رہائشی اجازت نامہ کے بغیر مقیم افراد بھی “شعبۂ شہری” سے رابطہ کریں۔
▼ ناگویا انٹرنیشنل سینٹر، اسکول میں تعلیم سے متعلق مختلف زبانوں میں مشاورت فراہم کرتا ہے۔ اس سینٹر سے درج ذیل فون نمبر پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
052-581-0100
یہ سہولت ہفتہ وار دن کے اعتبار سے مختلف زبانوں میں دستیاب ہے اور تفصیلات ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

▼نِشی او شہر میں تابُنکا روم KIBOU میں شہر میں مقیم غیرملکی طلباء کی اسکول میں تعلیم سے متعلق مشاورتی خدمات مختلف زبانوں میں فراہم کی جاتی ہیں۔ یہاں جاپانی زبان سکھانے کی کلاسوں کے علاوہ جاپانی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کے حوالے سے ضروری معلومات بھی دی جاتی ہیں۔ اس کے لیے ذیل میں دیے گئے نمبر پر رابطہ کیجیے۔
0563-77-7457

مندرجہ بالا بلدیاتی حکومتوں سے ہٹ کر آئیچی پریفیکچر کی دیگر بلدیات میں بچوں کو مقامی اسکول بھیجنے کے خواہشمند سرپرستوں کو رہائش کے لیے اندراج کی درخواست دیتے وقت مناسب دفتری کارروائی مکمل کرنی چاہیے۔ ضروری دفتری کارروائی نہ کیے جانے یا رہائشی کی حیثیت سے اندراج نہ ہونے کی صورت میں اپنے رہائشی علاقے کے حکام سے مشورہ کیجیے۔

یہ معلومات یکم دسمبر 2023 تک کی ہیں۔

2- شِزُواوکا پریفیکچر

حکومت کے ایک سروے میں جاپان میں مقیم 8 ہزار سے زائد غیر ملکی بچّوں کو اسکولوں میں داخل نہ کروائے جانے کا امکان ظاہر ہوا ہے۔
این ایچ کے اس موضوع پر معلومات فراہم کر رہا ہے تاکہ اسکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد صفر پر لائی جا سکے۔ اس تازہ ترین سلسلے میں توکائی خطے کے چار پریفیکچروں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کی تصدیق نہ ہونے والے غیرملکی طلباء کی 12 فیصد کے قریب تعداد انہی پریفیکچروں میں رہائش پذیر ہے۔ آج ہم شِزُواوکا پریفیکچر کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

شِزواوکا پریفیکچر میں 242 ایسے بچے ہیں جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ اسکول نہیں جا رہے۔ ان میں سے سب سے زیادہ تعداد اِواتا شہر اور فُوکُوروئی شہر میں رہتی ہے، جن میں سے ہر شہر میں یہ تعداد 50 ہے۔

کمیلیا نامی غیرملکی رہائشیوں کیلئے شِزواوکا مددگار مرکز، غیرملکی زبانوں میں مشاورت پیش کرتا ہے۔ آپ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ یہ جاننے کیلئے اس کی ویب سائٹ چیک کریں کہ ہفتے کے کس دن کون سی زبان کی سہولت دستیاب ہے۔ اس کا رابطہ نمبر درج ذیل ہے۔
054-202-2000

اِواتا شہر میں، اسکول میں داخلے کیلئے نام کے اندراج اور تعلیم سے متعلق دیگر معاملات کے بارے میں معلومات کے لیے پرتگالی اور ہسپانوی زبان میں ترجمے کی خدمات دستیاب ہیں۔ آپ ٹیلی فون کال کر سکتے ہیں یا اِواتا سٹی بورڈ آف ایجوکیشن کے اسکول ایجوکیشن ڈویژن میں جا سکتے ہیں۔ رابطہ نمبر درج ذیل ہے۔
0538-37-4921

اِواتا ایسوسی ایشن فار انٹرنیشنل کمیونیکیشنز اینڈ ایکسچینجز بھی اسکول میں نام کے اندراج کے حوالے سے مشاورت فراہم کرتی ہے اور استعمال شدہ اسکول یونیفارم اور اسکول کے برتن وغیرہ مفت مہیا کرتی ہے۔ اس کا رابطہ نمبر درج ذیل ہے۔
0538-37-4988

فُوکوروئی شہر کا بورڈ آف ایجوکیشن اپنے اسکول ایجوکیشن ڈویژن میں اسکول میں داخلے کیلئے نام کا اندراج کروانے سے متعلق مشاورت فراہم کرتا ہے۔ یہ خدمات جاپانی کے علاوہ پرتگالی زبان میں دستیاب ہیں۔ اس کا رابطہ نمبر درج ذیل ہے۔
0538-86-3222

ہاماماتسُو شہر کے بارے میں معلومات ذیل میں ہیں، جہاں غیر ملکی باشندوں کی ایک بڑی تعداد رہتی ہے۔ شہر کے ناکا وارڈ میں غیر منافع جاتی تنظیم ARACEاسکول میں داخلے کیلئے نام کے اندراج میں مدد فراہم کرتی ہے اور اسکول نہ جانے والے بچوں کے لیے مفت اسکول کا انعقاد کرتی ہے۔ تعلیمی معاملات پر جاپانی اور پرتگالی زبان میں مشاورت دستیاب ہے۔ رابطہ نمبر درج ذیل ہے۔
090-6593-8447

ناکا وارڈ ہی میں قائم غیر منافع جاتی تنظیم Filipino Nagkaisa، فلپائنی شہریوں کے لیے تگالوگ اور بِسایا زبانوں میں مشاورتی خدمات پیش کرتی ہے۔ تگالوگ اور بِسایا بولنے والوں کے لیے رابطہ نمبر نمبر درج ذیل ہے۔
080-4308-8380
انگریزی اور جاپانی بولنے والے ذیل میں درج نمبر پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
090-9176-8380

ہاماماتسو شہر کے تعلیمی بورڈ کا شعبۂ تعلیمی امداد، اسکول میں داخلے کیلئے نام کے اندراج پر متعدد زبانوں میں مشاورت فراہم کرتا ہے۔
یہ سہولت پرتگالی، ہسپانوی، فلپائنی، انگریزی، چینی اور فرانسیسی زبان میں دستیاب ہے۔ یہ دستیاب زبانیں روزانہ مختلف ہوتی ہیں۔ رابطے کیلئے ٹیلیفون نمبر درج ذیل ہے۔
053-457-2428

جن بلدیات کا اُوپر ذکر نہیں کیا گیا ہے وہاں کے غیر ملکی شہری جو اپنے بچوں کو پریفیکچر کے سرکاری ایلیمنٹری یا جونیئر ہائی اسکولوں میں داخل کروانا چاہتے ہیں، اُن سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ بلدیہ کے دفتر میں پہلے اپنی رہائش کا اندراج کرواتے وقت اپنا ارادہ بتائیں اور ضروری طریقۂ کار مکمل کریں۔ اگر آپ نے ابھی تک یہ طریقۂ کار مکمل نہیں کیا یا اپنی رہائش کا اندراج نہیں کروایا، تو براہ کرم اُس بلدیہ کے تعلیمی بورڈ سے رجوع کریں جس میں آپ واقعی رہتے ہیں۔

یہ معلومات دسمبر 2023 تک کی ہیں۔

3- گِفُو پریفیکچر

حکومت کے ایک سروے میں جاپان میں مقیم 8 ہزار سے زائد غیر ملکی بچّوں کو اسکولوں میں داخل نہ کروائے جانے کا امکان ظاہر ہوا ہے۔ اسکول جانے کے خواہشمند غیر ملکی طلباء جاپانی بچوں کی طرح سرکاری اسکولوں میں مفت تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔ تاہم جاپان میں رہائش پذیر غیر ملکیوں کی اکثریت اس حقیقت سے بھی واقف نہیں ہے۔

این ایچ کے اسکولوں سے بچوں کی عدم حاضری صفر پر لانے کی کوشش کی غرض سے اس موضوع پر معلومات فراہم کر رہا ہے۔ ہمارے اس تازہ ترین سلسلے میں توکائی علاقے کے چار پریفیکچروں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کی تصدیق نہ ہونے والے غیر ملکی طلباء کی 12 فیصد کے قریب تعداد انہی پریفیکچروں میں رہائش پذیر ہے۔ آج ہم گِفُو پریفیکچر پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

▼گِفُو پریفیکچر میں 113 ایسے بچّے ہیں جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ اسکول نہیں جا رہے۔ اوگاکی شہر میں مقیم ایسے بچوں کی تعداد سب سے زیادہ 39 ہے۔ اس کے بعد گِفُو شہر میں ایسے بچّوں کی تعداد 22 اور مِنوکامو شہر میں 19 ہے۔

▼گِفُو انٹرنیشنل سینٹر کا “گِفُو پریفیکچرل مشاورتی مرکز برائے غیر ملکی رہائشی”، غیر ملکیوں سے متعلق کئی طرح کے معاملات کے بارے میں کثیر زبانوں میں معاونت فراہم کرتا ہے۔ یہ مرکز معاملے کی نوعیت کے اعتبار سے غیر ملکی رہائشیوں کو بلدیاتی ادارے کے متعلقہ نگران حکام کے پاس بھیجتا ہے۔ غیر ملکی رہائشی، بلدیاتی حکام کے ساتھ سہ فریقی بات چیت میں مشاورت کرسکتے ہیں جن میں مترجم بھی شامل ہوتے ہیں۔ رازداری کا سختی کے ساتھ خیال رکھا جاتا ہے۔ رابطے کیلئے ٹیلیفون نمبر درج ذیل ہے۔
058-263-8066

▼اوگاکی شہر کا سماجی معیارِ زندگی بہتر بنانے کا شعبہ اسکول میں اپنے بچّوں کے نام کا اندراج کروانے کے خواہشمند غیر ملکی رہائشیوں کو مشاورت فراہم کرتا ہے۔ پرتگالی اور انگریزی زبان بولنے والوں کیلئے اِس کا ٹیلیفون نمبر درج ذیل ہے۔
0584-47-8562
جاپانی زبان میں رابطہ درج ذیل ٹیلیفون نمبر پر کیا جاسکتا ہے۔
0584-47-8546
یہ شہر ایلیمنٹری اسکول جانے کی عمر سے چھوٹے غیر ملکی بچّوں اور اُن کے سرپرستوں کو جاپانی زبان اور اسکول کی زندگی سے متعلقہ معلومات فراہم کرنے کی غرض سے “کِیرا کِیرا کِیوشِتسُو” نامی کلاسوں کا اہتمام کرتا ہے۔ ان کلاسوں سے متعلق مشاورت اُوپر درج شدہ ٹیلیفون نمبروں پر کی جا سکتی ہے۔

▼گِفُو شہر اسکول میں نام کے اندراج کیلئے اپنے “شعبۂ اسکول حفاظتی مدد” پر مشاورت فراہم کرتا ہے۔ اس کا ٹیلیفون نمبر درج ذیل ہے۔
058-214-2316
مشاورت صرف جاپانی زبان میں دستیاب ہے۔

▼مِنوکامو شہر کا تعلیمی بورڈ داخلے کیلئے بچّوں کے نام کا اندراج کروانے سے متعلق مشاورت فراہم کرتا ہے۔ یہ شہر اُن بچّوں کیلئے کلاسوں کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے جو جاپان میں پہلی بار اسکول جائیں گے۔ کوبی ایلیمنٹری اسکول میں “نوزومی کیوشِتسُو” کا اہتمام ہوتا ہے جہاں بنیادی جاپانی زبان کی کلاسیں اور اسکول کی زندگی سے متعلق معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ مِنوکا تعلیمی بورڈ کے شعبۂ تعلیم سے درج ذیل ٹیلیفون نمبر پر رابطہ کیا جاسکتا ہے جو اس شہر کے دفتر کا مرکزی ٹیلیفون نمبر بھی ہے۔
0574-25-2111

▼کانی شہر میں غیر ملکیوں کی ایک بڑی تعداد رہائش پذیر ہے جن میں برازیلی اور فلپائنی شہری شامل ہیں۔ ایک غیر منافع جاتی تنظیم، کانی انٹرنیشنل ایکسچینج ایسوسی ایشن، بچوں کی تعلیم سے متعلق غیر ملکی زبانوں میں مشاورت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بچّوں کی پڑھائی کیلئے معاونت بھی کرتی ہے۔ یہ خدمات جاپانی، انگریزی، تگالوگ، بِسایا اور پرتگالی زبانوں میں دستیاب ہیں۔ یہ تنظیم کانی شہر کے علاوہ پریفیکچر کے دیگر بلدیاتی علاقوں میں مقیم غیر ملکیوں کو بھی مشاورت فراہم کرتی ہے۔ اس کا ٹیلیفون نمبر درج ذیل ہے۔
0574-60-1122

▼گِفُو پریفیکچر کے دیگر بلدیاتی علاقوں میں رہائش پذیر غیر ملکی جو سرکاری اسکولوں میں بچّے کا نام درج کروانے کے خواہاں ہوں، وہ اُصولی طور پر اپنی جائے رہائش کی تبدیلی کی اطلاع بلدیاتی دفتر کو دینے کے موقع پر ہی وہاں پر تمام مطلوبہ طریقۂ کار مکمل کرتے ہوئے بلدیاتی دفتر کو اپنے بچّے کا نام اسکول میں درج کروانے کے ارادے سے مطلع کرسکتے ہیں۔

وہ افراد جنہوں نے ابھی تک ضروری طریقۂ کار مکمل نہ کیا ہو، یا اپنی جائے رہائش کا اندراج نہ کروایا ہو، اُنہیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ جس بلدیاتی علاقے میں رہتے ہیں وہاں کے تعلیمی بورڈ سے مشاورت کریں۔

یہ معلومات دسمبر 2023ء تک کی ہیں۔

4- میئے پریفیکچر

حکومت کے ایک سروے میں جاپان میں مقیم 8 ہزار سے زائد غیرملکی بچّوں کو اسکولوں میں داخل نہ کروائے جانے کا امکان ظاہر ہوا ہے۔ اسکول جانے کے خواہشمند غیرملکی طلباء جاپانی بچوں کی طرح سرکاری اسکولوں میں مفت تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔ تاہم جاپان میں رہائش پذیر غیر ملکیوں کی اکثریت اس حقیقت سے بھی واقف نہیں ہے۔

این ایچ کے اسکولوں سے بچوں کی عدم حاضری صفر پر لانے کی کوشش میں اس موضوع پر معلومات فراہم کر رہا ہے۔ ہمارے اس تازہ ترین سلسلے میں توکائی علاقے کے چار پریفیکچروں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کی تصدیق نہ ہو سکنے والے غیر ملکی طلباء کی 12 فیصد کے قریب تعداد انہی پریفیکچروں میں رہائش پذیر ہے۔ آج ہم میئے پریفیکچر پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

▼میئے پریفیکچر کے حکام کو ایسے 9 بچوں کا معلوم ہوا ہے، جو شاید اسکول میں تعلیم حاصل نہیں کر رہے ہیں۔

▼اس پریفیکچر نے تعلیم اور روزمرہ زندگی میں مسائل سے نمٹنے کے لیے “میئے مشاورتی مرکز برائے غیرملکی رہائشی” قائم کیا ہے، جس سے درج ذیل ٹیلی فون نمبر پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
080-3300-8077

▼اس پریفیکچر کی بلدیات میں سے یوکّااِچی شہر میں غیرملکی رہائشیوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ یہاں غیرملکی رہائشی اسکولوں میں تعلیم اور مجموعی تعلیم کے حوالے سے مشورہ کر سکتے ہیں۔ اس شہر میں جاپانی زبان کے ابتدائی اسباق اور اسکولوں میں زندگی کے حوالے سے ضروری معلومات فراہم کرنے کے لیے کلاسز بھی منعقد کی جاتی ہیں۔ معلومات حاصل کرنے کے لیے یوکّااِچی شہر کے تعلیمی بورڈ سے ذیل میں دیے گئے ٹیلی فون نمبر پر رابطہ کیجیے۔
059-354-8255

▼تسُو شہر کا شعبۂ تعلیم درج ذیل ٹیلیفون نمبر پر غیر ملکی رہائشیوں کو کئی زبانوں میں مشاورتی خدمات فراہم کرتا ہے۔
059-229-3146
اس شہر کی مقامی حکومت غیرملکی بچوں کے لیے جاپانی زبان کے اسباق کا بندوبست بھی کرتی ہے۔ ان اسباق کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے شعبۂ تعلیمِ انسانی حقوق سے درج ذیل ٹیلی فون نمبر پر رابطہ کیجیے۔
059-229-3253
معلومات صرف جاپانی زبان میں دستیاب ہیں۔

▼سُوزُوکا شہر میں غیر منافع جاتی تنظیم، آئی دینشا، غیرملکی رہائشیوں کو پرتگالی اور انگریزی زبان میں مشاورتی خدمات فراہم کرتی ہے۔ فیس بک پوسٹ اور ای میل کا بھی جواب دیا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق مزید تفصیلات اُن کی ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

▼اِگا شہر میں غیر منافع جاتی تنظیم، تسُوتامارُو، غیرملکی بچوں اور غیرملکی پس منظر رکھنے والے بچوں کی معاونت کرتی ہے۔ یہاں کئی زبانوں میں درج ذیل فون نمبر پر مشاورت فراہم کی جاتی ہے۔
0595-23-0912

▼میئے پریفیکچر میں بچوں کو سرکاری پرائمری اسکولوں یا سیکنڈری اسکولوں میں داخل کروانے کے خواہشمند غیرملکی رہائشی والدین یا سرپرستوں کو بنیادی طور پر حکام کو اپنی خواہش سے آگاہ کرنا چاہیے۔ اس کیلئے انہیں اوپر دیے گئے شہروں سمیت دیگر شہروں، قصبوں اور گاؤں میں رہائشی کی حیثیت سے اندراج کرواتے وقت ضروری اقدامات کرنے چاہیئں۔ ضروری کارروائی پوری نہ کیے جانے کی صورت میں یا غیرملکی رہائشیوں کی رہائش کا اندراج نہ کروائے جانے کی صورت میں، انہیں اپنی موجودہ جائے رہائش سے متعلقہ بلدیاتی حکومت کے تعلیمی بورڈ سے مشورہ کرنا چاہیے۔

یہ معلومات دسمبر 2023 تک کی ہیں۔